ن لیگ کا چیئرمین نیب کیخلاف قانونی چارہ جوئی کافیصلہ

0

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس کی صدارت سابق وزیراعظم نواز شریف نے کی، اجلاس میں پارٹی کے صدر شہباز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، وفاقی وزراء اور مجلس عاملہ کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال ، نیب مقدمات اورچیئرمین نیب کے حوالے سے آئندہ کی سیاسی و قانونی حکمت عملی پرمشاورت کی گئی۔ اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے نیب کی وضاحت مسترد کرتے ہوئے چئیرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیااور مطالبہ کیا کہ چیرمین نیب فوری مستعفیٰ ہوں۔ اس موقع پر نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا ادارہ جانبدار اور متعصب ثابت ہوچکا ہے۔ مرکزی مجلس عاملہ نے آئندہ الیکشن کے لئے پارلیمانی بورڈ ، الیکشن سیل کے قیام اور مسلم لیگ (ن) کے انتخابی منشور کی تیاری کے لئے کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال پرحملے کی مذمت کی گئی اوران کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

مزید پڑھیں:   شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت آج پھرہو گی